لاہور( پاک ترک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یوم خوراک پر دوسروں کے لیے خوراک پیدا کرنے والے کاشتکاروں اور کسانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے کسان ملک بھر کے عوام کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی یوم خوراک منانے کا مقصد غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ دنیا بھر میں غذائی تحفظ کی کوششوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سمیت متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، جبکہ غیر معمولی ماحولیاتی تبدیلیاں مناسب خوراک کی فراہمی کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر فرد کو متناسب اور معیاری خوراک کی فراہمی پائیدار ترقی کی علامت ہے۔ بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے زراعت میں جدید طریقوں اور مشینوں کے استعمال کو فروغ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے بھر میں اناج کی پیداوار بہتر بنانے کے لیے کاشتکاروں کی معاونت کر رہی ہے۔ کسان کارڈ، گرین ٹریکٹر اسکیم، زرعی مشینوں کے استعمال اور دیگر اقدامات کے ذریعے زرعی پیداوار میں اضافے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔مریم نواز شریف کے مطابق، ماڈل ایگری مال میں پنجاب کے کاشتکاروں کو تمام ضروری سہولتیں ایک ہی جگہ فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں مزید دس ایگری مال قائم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کے ہوائی اڈوں پر حوثی حملوں میں 17 افراد جاں بحق، 333 زخمی ہوئے ،سعودی اتحادی فوج
وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی یوم خوراک کے موقع پر ان کاشتکاروں کی محنت کو فراموش نہیں کرنا چاہیے جو موسم کی سختیوں کے باوجود خوراک اگاتے ہیں۔ کسانوں کی محنت اور خدمات ملک میں غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔












