اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) سیاسی جماعت کی جانب سے احتجاج مؤخر کیے جانے کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹرز کی گاڑیاں اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں تاحال حکومتی تحویل میں ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ مختلف شہروں میں پکڑی گئی گاڑیوں کی تعداد 2500 سے تجاوز کرچکی ہے۔محمد اویس چوہدری کے مطابق لاہور سے مزید تقریباً 200 گاڑیاں پکڑ کر اسلام آباد منتقل کی گئی ہیں، جبکہ ان گاڑیوں پر موجود کنٹینرز بھی اتارے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز گزشتہ دو ہفتوں سے زائد عرصے سے حکومت سے مطالبہ کررہے ہیں کہ لوڈ گاڑیوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور خالی گاڑیوں کے مالکان کو مناسب معاوضہ دیا جائے۔ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا تھا کہ حکومتی وزرا کی جانب سے معاوضہ ادا کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں، اس لیے 2013 سے اب تک معاوضے کی مد میں ادا کی گئی رقوم کا شفاف آڈٹ اور تحقیقات کرائی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: عوام نے تحریک انصاف کی انتشاری سیاست مسترد کر دی ،امیر مقام
محمد اویس چوہدری نے مطالبہ کیا کہ معاوضہ کسی ایسوسی ایشن، ٹھیکیدار یا تیسرے فریق کے ذریعے نہیں بلکہ براہِ راست ان گاڑی مالکان کو ادا کیا جائے جن کی گاڑیاں پکڑی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کے باعث ترسیل کا نظام متاثر ہورہا ہے اور ٹرانسپورٹرز کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے۔محمد اویس چوہدری نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے لیے فوری طور پر آسانیاں پیدا کی جائیں، گاڑیوں کو رہا کیا جائے اور ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے اور انہیں کسی بھی راست اقدام پر مجبور نہ کیا جائے۔












