اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ نجی شعبے کے سرمایہ کو متحرک کرنا معاشی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے، حکومت اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کو ملک کی معاشی قیادت کا کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور نجکاری کے ذریعے سرمایہ کاری کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بنیادی ڈھانچے اور عوامی خدمات کے منصوبوں میں نجی سرمایہ کاری بڑھانا ہوگی، جبکہ نجکاری کے عمل میں شفافیت، کارکردگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام مشکل فیصلوں کے نتیجے میں حاصل ہوا ہے، اب اس استحکام کو مستقل بنانا ہے۔ پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے اے ڈی بی کے نائب صدر کی ملاقات
محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے، اس مقصد کے لیے بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔












