پیرس(پاک ترک نیوز ) کرپٹو کرنسی کی خرید و فروخت کے بڑے پلیٹ فارم بِٹ گیٹ نے سائبر حملے کے بعد صارفین کے لیے رقوم نکلوانے کی سہولت عارضی طور پر معطل کردی۔خبر رساں ادارے کے مطابق ہیکرز نے بِٹ گیٹ کے بعض برقی بٹوؤں سے تقریباً 35 کروڑ 16 لاکھ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری کرلی۔کمپنی کی سربراہ گریسی چن نے بتایا کہ بعض برقی بٹوؤں سے غیر مجاز منتقلی کا پتا چلا، جس کے بعد حفاظتی اقدام کے طور پر صارفین کی رقوم نکلوانے کی سہولت عارضی طور پر روک دی گئی۔
بِٹ گیٹ کی سربراہ کا کہنا ہے کہ تمام صارفین کی رقوم محفوظ ہیں جبکہ چوری سے ہونے والے نقصان کو کمپنی اپنے وسائل سے پورا کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ رقوم نکلوانے کی سہولت کی معطلی کمپنی کے پاس رقم کی کمی کے باعث نہیں بلکہ حفاظتی احتیاط کے طور پر کی گئی ہے۔بِٹ گیٹ کے مطابق اس کے صارفین کی تعداد 12 کروڑ سے زیادہ ہے، جس کے باعث یہ دنیا کے بڑے کرپٹو کرنسی پلیٹ فارمز میں شمار ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کے نئے طیاروں کے لیے سرکاری قرض یا ضمانت نہیں دی جائے گی، وزارت خزانہ
کرپٹو کرنسی کے پلیٹ فارمز ماضی میں بھی سائبر حملوں اور چوری کا نشانہ بنتے رہے ہیں۔ گزشتہ برس ایک دوسرے بڑے پلیٹ فارم بائی بٹ سے تقریباً ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی چوری ہوئی تھی، جس کا الزام امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے نے شمالی کوریا کے ہیکرز پر عائد کیا تھا۔
حکام کے مطابق چوری کی گئی کرپٹو کرنسی کو جرائم پیشہ عناصر مختلف ممالک میں تیزی سے منتقل کرسکتے ہیں، کیونکہ اس کے لیے روایتی مالیاتی نظام استعمال کرنا ضروری نہیں ہوتا۔












