لاہور( پاک ترک نیوز) گرمیوں کا موسم اور آم کا ذکر نہ ہو، یہ کیسے ممکن ہے؟۔۔۔ رس بھرا، خوشبودار اور ذائقے سے بھرپور آم کروڑوں لوگوں کی پسند ہے۔۔۔ مگر کیا آپ جانتے ہیں کہ یہی پسندیدہ پھل ضرورت سے زیادہ کھانے پر صحت کے لیے مسائل بھی پیدا کر سکتا ہے؟۔۔۔ ماہرین نے آم کے بے احتیاط استعمال سے متعلق اہم انتباہ جاری کر دیا ۔
آم کو غذائیت کا خزانہ سمجھا جاتا ہے۔۔۔ اس میں وٹامن اے، وٹامن سی، پوٹاشیم اور فائبر وافر مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔۔۔ یہی وجہ ہے کہ اسے گرمیوں کا مقبول ترین پھل قرار دیا جاتا ہے۔۔۔ لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ فائدہ مند ہونے کے باوجود اس کا اعتدال سے استعمال ہی صحت کے لیے بہتر ہے۔
ماہرین کے مطابق آم میں قدرتی مٹھاس کافی زیادہ ہوتی ہے۔۔۔ اگر اسے ضرورت سے زیادہ کھایا جائے تو جسم میں سوزش کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔۔۔ بعض افراد میں چہرے پر دانے، کیل مہاسے یا جلد کے دیگر مسائل بھی سامنے آ سکتے ہیں۔۔۔ خاص طور پر وہ لوگ جن کی جلد حساس ہو، انہیں احتیاط برتنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آم کا جوس یا کیمیکل کا زہر؟ جوس کمپنیوں کا چونکا دینے والا اسکینڈل بے نقاب
اگر آپ وزن کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو آم کی مقدار پر نظر رکھنا ضروری ہے۔۔۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ آم میں موجود قدرتی شکر اور کیلوریز جسم میں اضافی توانائی پیدا کرتی ہیں۔۔۔ اگر یہ توانائی استعمال نہ ہو تو وزن بڑھنے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔
زیادہ آم کھانے سے نظامِ ہاضمہ بھی متاثر ہو سکتا ہے۔۔۔ بعض افراد کو پیٹ بھاری ہونے، گیس بننے، اپھارے یا اسہال جیسی شکایات لاحق ہو سکتی ہیں۔۔۔ ماہرین کے مطابق متوازن غذا اور مناسب مقدار میں فائبر کا استعمال ان مسائل سے بچنے میں مدد دیتا ہے۔
ذیابیطس یا شوگر کے مریضوں کے لیے بھی احتیاط ضروری ہے۔۔۔ آم میں موجود قدرتی شکر خون میں گلوکوز کی سطح کو تیزی سے بڑھا سکتی ہے۔۔۔ اسی لیے ماہرین ایسے افراد کو مشورہ دیتے ہیں کہ وہ آم کھانے سے پہلے اپنے معالج یا غذائی ماہر سے رہنمائی حاصل کریں۔
صرف یہی نہیں، بعض لوگوں کو آم زیادہ کھانے کے بعد سینے کی جلن یا معدے میں تیزابیت کی شکایت بھی ہو سکتی ہے۔۔۔ جبکہ آم کھانے کے بعد منہ کی صفائی نہ کی جائے تو دانتوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے اور کیویٹی کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
آم بلاشبہ گرمیوں کا بادشاہ ہے۔۔۔ ذائقہ بھی لاجواب، غذائیت بھی بے مثال۔۔۔ لیکن ہر اچھی چیز کی طرح اس کا استعمال بھی توازن کے ساتھ ہونا چاہیے۔۔۔ کیونکہ حد سے زیادہ آم کھانے کی عادت کہیں آپ کی صحت پر بھاری نہ پڑ جائے۔۔۔ یاد رکھیں، اعتدال ہی صحت مند زندگی کا اصل راز ہے۔










