لاہور( پاک ترک نیوز) اٹلی نے پاکستانی ہنر مند افراد کیلئے ویزوں کا اعلان کردیا ۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اٹلی کے ہم منصب میٹیو پینٹے ڈوسی سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام اور داخلی سکیورٹی تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں انسانی سمگلنگ اور دہشت گردی کے خلاف تعاون کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دونوں وزرائے داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
اٹلی کے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ لیگل مائیگریشن کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی ہنر مند افراد کیلئے 10500ورک ویزوں کا اجرا کیا جائے گا ۔
اطالوی وزیر داخلہ نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اٹلی تیار ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے مطالبے پر اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ پاکستانی ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والوں کو اٹلی کے ویزے سے استثنا حاصل ہوگا۔ اطالوی وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ نے کچھ عرصہ قبل ہونے والی ملاقات میں ڈپلومیٹک پاسپورٹ پر ویزے سے استثنا کی بات کی تھی جس پر پیش رفت کی گئی ہے۔
امیگریشن کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے مؤثر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ائیرپورٹس اور سمندری سرحدوں پر کڑی نگرانی کے باعث غیر قانونی امیگریشن میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
اطالوی وزیر داخلہ نے غیر قانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے پاکستانی وزارت داخلہ کی مؤثر پالیسی کی تعریف کی اور کہا کہ غیر قانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور منشیات کی روک تھام کے لیے پاکستانی اداروں کی کامیابیاں قابل تحسین ہیں۔
ملاقات میں پنجاب پولیس کے افسران نے پولیس خدمت مراکز گلوبل کی افادیت کے بارے میں بریفنگ دی جسے بہت زیادہ سراہا گیا۔
اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید، ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور، ایم ڈی پنجاب سیف سٹی اتھارٹی احسن یونس اور سینئر پولیس افسران عابد خان اور سہیل چوہدری بھی موجود تھے۔












