مدینہ منورہ ( پاک ترک نیوز) مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے گرڈ اسٹیشن پر حملے کے خلاف خلیجی اور اسلامی ممالک کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔
قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، اردن، ترکیہ سمیت عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔قطر کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مدینہ منورہ میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے حملے کو سعودی عرب کی خود مختاری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ قطر نے اسلامی مقدس مقامات کو نشانہ بنانے والے ہر اقدام کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی قطر کی سلامتی اور خلیجی تعاون کونسل کے اجتماعی سلامتی کے نظام کا لازمی حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی ﷺ کو بجلی فراہم کرنے والے طیبہ گرڈ سٹیشن پر حوثیوں کا ڈرون حملہ
ترکیہ کی وزارتِ خارجہ نے بھی مدینہ منورہ میں گرڈ اسٹیشن کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔ ترک وزارتِ خارجہ کے مطابق ایسے اشتعال انگیز حملے فوری اور غیر مشروط طور پر بند ہونے چاہئیں۔ترکیہ نے اپنے بیان میں سعودی عرب کی سلامتی اور خود مختاری کے لیے مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے حملے خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور اسلامی دنیا کے مقدس ورثے کے حوالے سے شدید تشویش کا باعث ہیں۔متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت اور اردن کی جانب سے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے۔
عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم نے بھی مدینہ منورہ میں شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔ اسلامی تعاون تنظیم نے حرمین شریفین اور مقدس مقامات کے تحفظ کی ضرورت پر زور دیا ہے۔دوسری جانب مسلم ورلڈ لیگ نے بھی اسلامی مقدس مقامات کے تحفظ کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔












