لاہور( پاک ترک نیوز) دنیا بھر میں ریموٹ ورک یعنی گھر یا کسی بھی جگہ سے آن لائن کام کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، ایسے میں یہ سوال بھی اہم ہو گیا ہے کہ ڈیجیٹل نومیڈز کے لیے دنیا کا کون سا شہر سب سے زیادہ موزوں ہے؟ نئی عالمی درجہ بندی نے اس سوال کا جواب دے دیا ہے۔ جنوبی کوریا کا دارالحکومت سیول دنیا کا بہترین ڈیجیٹل نومیڈ شہر قرار پایا ہے، جبکہ جاپان کے تین شہر ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یورپ سے صرف اسپین کے دو شہر اس فہرست میں جگہ بنا سکے۔
ڈیجیٹل نومیڈ ایسے افراد کو کہا جاتا ہے جو روایتی دفتر کے بجائے انٹرنیٹ کی مدد سے کسی بھی شہر یا ملک میں رہتے ہوئے اپنا کام جاری رکھتے ہیں۔ان افراد کے لیے صرف تیز رفتار انٹرنیٹ کافی نہیں ہوتا، بلکہ رہائش کے اخراجات، کام کرنے کے لیے مناسب جگہیں، تفریح، ثقافتی سرگرمیاں اور موسم بھی انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔
تحقیق میں کام کرنے کی جگہوں کی تعداد، تفریحی مقامات، ثقافتی مراکز، انٹرنیٹ کی رفتار، قیمتوں اور ایسے دنوں کو مدنظر رکھا گیا جن میں درجہ حرارت 15 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ہو اور بارش پانچ ملی میٹر سے کم ہو۔درجہ بندی میں سب سے پہلا نمبر حاصل کیا جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول نے۔سیول نے 73.60 پوائنٹس حاصل کیے۔
شہر میں فی مربع کلومیٹر تقریباً 59.67 کام کرنے کی جگہیں موجود ہیں، جبکہ تفریحی سرگرمیوں کے لیے بھی بڑی تعداد میں مقامات دستیاب ہیں۔سیول کی ایک بڑی خوبی اس کا تیز رفتار انٹرنیٹ ہے۔ ٹاپ ٹین شہروں میں سیول کی اوسط ڈاؤن لوڈ اسپیڈ 69.27 میگا بٹس فی سیکنڈ ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ امریکی معیار کے مقابلے میں سیول کی قیمتیں تقریباً 36 فیصد کم قرار دی گئیں۔دوسرے نمبر پر آیا جاپان کا دارالحکومت ٹوکیو۔ٹوکیو نے 72.61 پوائنٹس حاصل کیے۔
یہاں فی مربع کلومیٹر تقریباً 56.43 کام کرنے کی جگہیں موجود ہیں، لیکن ٹوکیو کی سب سے بڑی خاصیت کام ختم ہونے کے بعد تفریح کے مواقع ہیں۔ٹوکیو میں فی مربع کلومیٹر 395 سے زائد تفریحی مقامات موجود ہیں، جو ٹاپ ٹین میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔شہر میں ثقافتی سرگرمیوں کے لیے بھی بڑی تعداد میں مقامات موجود ہیں، تاہم سیول کے مقابلے میں ٹوکیو قدرے مہنگا ہے۔تیسرا نمبر ملا ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کو، جس نے 71.86 پوائنٹس حاصل کیے۔ہنوئی کی سب سے بڑی خوبی کم اخراجات اور کام کرنے کے لیے دستیاب جگہوں کی بڑی تعداد ہے۔
ٹاپ ٹین شہروں میں ہنوئی میں فی مربع کلومیٹر 96.88 کام کرنے کی جگہیں موجود ہیں، جو سب سے زیادہ تعداد ہے۔امریکی معیار کے مقابلے میں ہنوئی کے اخراجات تقریباً 71 فیصد کم ہیں۔ہنوئی میں سال کے تقریباً 180 دن کام کے لیے موزوں موسم بھی رہتا ہے، تاہم انٹرنیٹ کی رفتار کے معاملے میں یہ شہر سیول اور ٹوکیو سے پیچھے ہے۔چوتھے نمبر پر تائی پے رہا، جس کا مجموعی اسکور 70.98 ہے۔تائی پے میں فی مربع کلومیٹر تقریباً 48.24 کام کرنے کی جگہیں موجود ہیں، جبکہ تفریحی مقامات کی تعداد بھی خاصی زیادہ ہے۔
امریکی معیار کے مقابلے میں یہاں قیمتیں تقریباً 57 فیصد کم ہیں۔ٹاپ فائیو مکمل کیا جاپان کے ایک اور شہر اوساکا نے۔اوساکا نے 70.15 پوائنٹس حاصل کیے۔شہر میں فی مربع کلومیٹر 350 سے زائد تفریحی مقامات موجود ہیں، جو ٹوکیو کے بعد ٹاپ ٹین میں دوسری بڑی تعداد ہے۔کام کرنے کے لیے بھی فی مربع کلومیٹر تقریباً 45.80 مقامات دستیاب ہیں۔اب نظر ڈالتے ہیں یورپ کی جانب، جہاں اس فہرست میں صرف اسپین کے دو شہر ٹاپ ٹین میں جگہ بنا سکے۔بارسلونا چھٹے نمبر پر ہے، جس کا اسکور 68.11 رہا۔بارسلونا میں فی مربع کلومیٹر تقریباً 104.83 تفریحی مقامات اور 8.97 ثقافتی مراکز موجود ہیں۔شہر میں سال کے 164 دن موسم کام کے لیے موزوں قرار دیا گیا۔اسپین کی ایک اور بڑی کامیابی میڈرڈ کی صورت میں سامنے آئی، جو 66.67 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہا۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا سب سے بڑا تیرتا ہوا شہر، 80 ہزار افراد کی رہائش کی گنجائش
بارسلونا اور میڈرڈ میں انٹرنیٹ اور قیمتوں کے حوالے سے صورتحال تقریباً یکساں ہے، لیکن بارسلونا میں کام، تفریح اور ثقافتی سرگرمیوں کے مقامات زیادہ ہونے کی وجہ سے وہ میڈرڈ سے آگے ہے۔آٹھویں نمبر پر جنوبی امریکہ کا شہر ساؤ پاؤلو آیا۔اس شہر نے بھی 66.67 پوائنٹس حاصل کیے۔ساؤ پاؤلو کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا موسم ہے، جہاں سال کے 252 دن کام کے لیے موزوں قرار دیے گئے، جو ٹاپ ٹین میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔امریکی معیار کے مقابلے میں یہاں قیمتیں تقریباً 53 فیصد کم ہیں۔نویں نمبر پر ایک بار پھر جاپان کا شہر ناگویا نظر آتا ہے۔ناگویا نے 64.97 پوائنٹس حاصل کیے۔
شہر کو جاپان کے تیز رفتار انٹرنیٹ سے فائدہ حاصل ہے، تاہم موسم اس کی کمزوری ہے۔ناگویا میں صرف 83 دن کام کے لیے موزوں موسم کے حامل قرار دیے گئے، جو ٹاپ 15 میں سب سے کم تعداد ہے۔ٹاپ ٹین کی آخری پوزیشن بھی ایشیا کے حصے میں آئی۔ویتنام کا ہو چی منہ سٹی 64.28 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر رہا۔یوں ویتنام کے دو شہر ہنوئی اور ہو چی منہ سٹی جبکہ جاپان کے تین شہر ٹوکیو، اوساکا اور ناگویا دنیا کے بہترین ڈیجیٹل نومیڈ شہروں میں شامل ہو گئے۔









