اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) حکومت نے اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو (اے جی پی آر) کے تعاون سے سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے لیے ای پنشن پورٹل متعارف کرا دیا، جس کا مقصد پنشن کے نظام کو ڈیجیٹل بنانا اور ریٹائرمنٹ کیسز کی کارروائی تیز کرنا ہے۔نئے نظام کے تحت پنشن کیسز کو مہینوں کے بجائے چند دنوں میں نمٹانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ ملازمین اور پنشنرز اپنے کیسز کی پیش رفت آن لائن دیکھ سکیں گے اور انہیں بار بار سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے۔حکومت کے مطابق پنشن کی رقم اب صرف مخصوص نیشنل بینک برانچز تک محدود نہیں رہے گی بلکہ کمرشل بینک اکاؤنٹس میں براہ راست منتقل کی جاسکے گی۔
ای پنشن پورٹل کے ذریعے پنشن جاری ہونے یا پنشن میں کٹوتی کی صورت میں رجسٹرڈ موبائل نمبر پر ایس ایم ایس الرٹس بھی بھیجے جائیں گے۔ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچنے والے سرکاری ملازمین کا ڈیٹا متعلقہ محکموں کے ذریعے ریٹائرمنٹ سے قبل ہی پورٹل پر اپ لوڈ کیا جائے گا، جس سے پنشن کیس کی کارروائی پہلے سے شروع ہوسکے گی۔پنشنرز کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے۔ اب ہر چھ ماہ بعد بینک میں لائف سرٹیفکیٹ جمع کرانے کے بجائے پنشنرز بینک برانچ یا بائیومیٹرک سہولت رکھنے والے اے ٹی ایم پر فنگر پرنٹ کے ذریعے تصدیق کراسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: زرمبادلہ کے ذخائر میں 17 ملین ڈالر کا اضافہ، ملکی ذخائر 22.59 ارب ڈالر ہوگئے
حکومت پنشنرز کی مزید سہولت کے لیے موبائل ایپلی کیشنز پر بھی کام کر رہی ہے، جن کے ذریعے مستقبل میں گھر بیٹھے موبائل فون کیمرے سے چہرے یا فنگر پرنٹ کی تصدیق ممکن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔مقررہ مدت میں بائیومیٹرک تصدیق نہ ہونے کی صورت میں پنشن اکاؤنٹ عارضی طور پر بلاک ہوسکتا ہے، تاہم کامیاب تصدیق کے بعد اسے دوبارہ بحال کردیا جائے گا۔آن لائن پنشن سسٹم میں رجسٹریشن کے لیے متعلقہ سرکاری محکمے کی جانب سے ملازم کا ڈیٹا پورٹل پر اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا، جس میں شناختی کارڈ نمبر، پرسنل نمبر اور فعال موبائل فون نمبر شامل ہوگا۔ڈیٹا اپ لوڈ ہونے کے بعد ملازم کو ایک منفرد پنشن آئی ڈی جاری کی جائے گی، جس کے ذریعے وہ پنشن سے متعلق خدمات حاصل کرنے کے ساتھ اپنے کیس کی پیش رفت بھی آن لائن ٹریک کرسکے گا۔








