گلگت ( پاک ترک نیوز) گلگت بلتستان حکومت نے مقامی کسانوں کو ریلیف دینے اور خطے کو زرعی شعبے میں خود کفیل بنانے کے لیے تصدیق شدہ گندم کے بیج پر 50 فیصد سبسڈی دینے کی اسکیم شروع کر دی ہے۔اس منصوبے پر تقریباً 14 کروڑ روپے لاگت آنے کا تخمینہ ہے، جبکہ کسانوں کی سہولت کے لیے آن لائن پورٹل بھی متعارف کرا دیا گیا ہے۔محکمہ زراعت، لائیو اسٹاک اینڈ فشریز گلگت بلتستان کے سیکریٹری عثمان احمد کے مطابق، وزیراعلیٰ امجد حسین کی خصوصی ہدایات پر شروع کیے گئے اس منصوبے کا مقصد کسانوں کو معیاری بیج فراہم کرنا اور زرعی پیداوار میں اضافے کی راہ ہموار کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور امریکہ کا توانائی تعاون بڑھانے پر اتفاق
اسکیم کے تحت پنجاب سے اعلیٰ معیار کے تصدیق شدہ گندم کے بیج حاصل کرکے گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں کسانوں کو فراہم کیے جائیں گے۔حکام کے مطابق، آن لائن پورٹل کے ذریعے کسان سبسڈی والے بیج کے حصول کے لیے رجسٹریشن کرا سکیں گے، تاکہ یہ عمل آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔وہ کسان جو آن لائن رجسٹریشن نہیں کر سکتے، وہ اپنے متعلقہ ضلع میں ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت کے دفتر یا زراعت افسر سے رابطہ کرکے بھی رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔












