پشاور ( پاک ترک نیوز) گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ مولانا صاحب کو حصہ نہیں ملا، اس لیے وہ ناراض ہیں، ان کے بغیر بھی حکومت بنی ہے اور چلے گی۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری ہیں، جن سے دہشت گردی کے واقعات میں کمی آئے گی۔
گورنر کے پی کا کہنا تھا کہ اگر پھولوں کا شہر بنا دیں اور تمام سہولیات فراہم کردیں، تب بھی مخالفین تنقید کریں گے۔ گزشتہ 13 سال میں جو کچھ ہوا، اسے درست کرنے کے لیے موجودہ حکومت اقدامات کر رہی ہے، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا، ہم کام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہتر قانون بنائے جائیں گے اور صوبے کی بہتری کے لیے قانون سازی کی جائے گی۔ ہیلی کاپٹر گورنر، وزیراعلیٰ اور وزیراعظم کے لیے ہوتے ہیں، وہ سرکاری کام کے لیے ہیلی کاپٹر پر گئے تھے، کسی عیاشی کے لیے استعمال نہیں کیا۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ ماضی میں حکومتوں نے پیسے لے کر پرمٹ دیے، جبکہ اب تجاوزات ختم کی جا رہی ہیں۔ متاثرہ افراد کے لیے فارم بنایا جا رہا ہے، ریڑھی بانوں کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے اور انہیں مناسب جگہ فراہم کی جائے گی۔گورنر خیبر پختون خوا کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر بھی کام کر رہے ہیں، پولیو کے باعث ہم متاثر ہو رہے ہیں، اس مرض پر قابو پانے اور اس کے پھیلاؤ میں کمی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔












