لاہور( پاک ترک نیوز) خیبر پختونخوا کی گورنر شپ خطرے میں؟ فیصل کریم کنڈی کی چھٹی ہونے والی ہے؟ اور کیا آفتاب احمد خان شیرپاؤ صوبے کے نئے گورنر بننے جا رہے ہیں؟ اسلام آباد کے سیاسی ایوانوں میں بڑی تبدیلی کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان مشاورت کے بعد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو عہدے سے ہٹانے کے امکانات زیرِ بحث ہیں۔ لیکن اس اہم تبدیلی کے پیچھے اصل کہانی کیا ہے؟
سیاسی حلقوں میں سینئر سیاستدان آفتاب احمد خان شیرپاؤ کو نیا گورنر بنانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آفتاب شیرپاؤ کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات بھی ہوئی ہے، جس کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آ گئی ہے۔دوسری جانب گورنر راج کی بحث اور خیبر پختونخوا میں بڑھتی سیاسی کشیدگی کے درمیان فیصل کریم کنڈی کے کردار پر مسلم لیگ ن کے اندر اختلافات کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔ کیا یہی اختلافات گورنر کی تبدیلی کی وجہ بن رہے ہیں؟ یا وفاقی حکومت صوبے کے لیے کوئی نئی سیاسی حکمت عملی تیار کر رہی ہے؟
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توثیق کے لیے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا
اب سب کی نظریں صدر مملکت کے اگلے فیصلے پر لگی ہیں۔ اگر آفتاب احمد خان شیرپاؤ کی نامزدگی کی منظوری دے دی گئی تو وہ حلف اٹھا کر گورنر خیبر پختونخوا کا منصب سنبھال سکتے ہیں۔








