پیرس (پاک ترک نیوز )فرانس کے صدر ایمانویل میکرون اور ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون نے امریکی پوڈکاسٹر کینڈیس اوونز کے خلاف ایک بار پھر ہتکِ عزت کا مقدمہ دائر کردیا۔ نئے مقدمے میں 88 الزامات شامل کیے گئے ہیں، جن میں جھوٹے دعوے پھیلانے، کردار کشی اور گمراہ کن بیانات دینے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقدمہ امریکی ریاست ٹینیسی کے شہر نیش وِل میں دائر کیا گیا ہے، جہاں کینڈیس اوونز رہائش پذیر ہیں۔ میکرون جوڑے نے ان سے ہرجانے اور متنازع بیانات کی دوبارہ اشاعت روکنے کے لیے عدالتی حکم جاری کرنے کی استدعا بھی کی ہے۔
فرانسیسی صدر اور ان کی اہلیہ نے اس سے قبل جولائی 2025 میں امریکی ریاست ڈیلاویئر میں بھی کینڈیس اوونز اور ان کی میڈیا کمپنیوں کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اوونز اپنے پوڈکاسٹ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بریجٹ میکرون کے بارے میں بے بنیاد دعوے پھیلا رہی ہیں۔ ان دعوؤں میں یہ الزام بھی شامل تھا کہ بریجٹ میکرون پیدائشی طور پر مرد تھیں اور ان کا اصل نام ژاں مشیل ٹرونیو تھا، جو درحقیقت بریجٹ میکرون کے بڑے بھائی کا نام ہے۔اوونز نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ بریجٹ میکرون نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے جعل سازی کی، جبکہ ایمانویل میکرون کے بارے میں بھی مختلف غیر مصدقہ سازشی نظریات پیش کیے گئے۔نیش وِل میں دائر کیے گئے نئے مقدمے میں میکرون جوڑے نے الزام لگایا ہے کہ پہلے مقدمے کے باوجود کینڈیس اوونز نے اپنے دعوؤں سے دستبردار ہونے کے بجائے انہیں مزید پھیلایا۔مقدمے میں ان کی آٹھ اقساط پر مشتمل پوڈکاسٹ سیریز ’’بیکمنگ بریجٹ‘‘ اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی پوسٹس کا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔میکرون جوڑے کے قانونی نمائندے کے مطابق اوونز نے خود مؤقف اختیار کیا تھا کہ مقدمہ ٹینیسی میں دائر ہونا چاہیے کیونکہ وہ اسی ریاست میں رہتی ہیں، لہٰذا اب ان کی خواہش کے مطابق وہیں قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔مقدمے میں یہ الزام بھی لگایا گیا ہے کہ اوونز اپنے پوڈکاسٹ، مصنوعات کی فروخت اور عطیات کے ذریعے میکرون جوڑے کے بارے میں متنازع دعوؤں سے مالی فائدہ اٹھا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے لیے امریکا کا سخت ترین سفری انتباہ برقرار
نئے مقدمے میں اوونز کی ویڈیوز میں دکھائی جانے والی ایک گڑیا کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جسے بریجٹ میکرون سے مشابہ قرار دیا گیا ہے۔میکرون جوڑے کے وکلا نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس گڑیا کے ذریعے بریجٹ میکرون کی ظاہری شخصیت کا تمسخر اڑایا گیا اور ان کی تضحیک کی گئی۔دوسری جانب کینڈیس اوونز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر نئے مقدمے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ میکرون جوڑے نے ان کے خلاف مزید 88 دعوے دائر کیے ہیں اور اس مرتبہ ان کی گڑیا کو بھی مقدمے کا حصہ بنایا گیا ہے۔اوونز نے گڑیا کے بارے میں میکرون جوڑے کے مؤقف پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ گڑیا اب مزید کوئی بیان نہیں دے گی۔
میکرون جوڑے کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف جھوٹے دعوؤں کے ذریعے عالمی سطح پر تضحیک اور کردار کشی کی مہم چلائی گئی، جبکہ وہ عدالت سے مالی ہرجانے اور ایسے بیانات کی دوبارہ اشاعت روکنے کا حکم چاہتے ہیں۔











