لاہور( پاک ترک نیوز) ایشین گیمز 2026 کے لیے پاکستان کے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا ، صاحبزادہ فرحان ٹیم کی قیادت کریں گے۔عبدالصمد نائب کپتان مقرر کیے گئے ،ایشین گیمز 2026 میں مردوں کے ٹی20 انٹرنیشنل مقابلے 24 ستمبر سے جاپان کے شہر آئیچی میں شروع ہوں گے، ایشین گیمز میں میڈل میچز 3 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔
صاحبزادہ فرحان 46 ٹی ٹونٹی میچز میں دو سنچریوں اور 10 نصف سنچریوں کی مدد سے1305 رنز بنا چکے ہیں، عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود پہلی مرتبہ پاکستان کے لیے ٹی20 انٹرنیشنل سطح پر نمائندگی کے منتظر ہیں۔
ایشین گیمز سکواڈ میں شامل 15 میں سے 14 کھلاڑی 15 جون سے لاہور میں شروع ہونے والے نیشنل کرکٹ اکیڈمی وائٹ بال کیمپ کا بھی حصہ ہوں گے۔ایشین گیمز 2026 میں مردوں کا کرکٹ ایونٹ جاپان کے آئیچی پریفیکچر کے کوروگی ایتھلیٹک پارک میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان کے پندرہ رکنی اسکواڈ میں صاحبزادہ فرحان (کپتان)، عبدالصمد (نائب کپتان)، ابرار احمد، احمد دانیال، عاکف جاوید، علی رضا، عرفات منہاس، حیدر علی، حسن نواز، معاذ صداقت، محمد سلمان مرزا، سعد مسعود، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان شامل ہیں۔













