واشنگٹن(پاک ترک نیوز) دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی عسکری کشیدگی اور جدید ہتھیاروں کی دوڑ کے دوران امریکا نے اپنی میزائل اور راکٹ سازی کی صلاحیت میں بڑا اضافہ کردیا۔ امریکی دفاعی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن نے ایک لاکھواں گائیڈڈ راکٹ تیار کرکے فراہم کرنے کا سنگ میل عبور کرلیا، جبکہ سالانہ پیداوار بھی تقریباً 14 ہزار راکٹ تک پہنچ گئی ہے۔
کمپنی نے امریکی ریاست آرکنساس کے شہر کیمڈن میں واقع اپنی پیداواری تنصیب میں اس اہم کامیابی کا اعلان کیا۔ یہ راکٹ گائیڈڈ ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹم یعنی جی ایم ایل آر ایس کا حصہ ہیں، جنہیں جدید جنگی میدان میں انتہائی اہمیت حاصل ہے۔
یہ عام راکٹ نہیں بلکہ جدید رہنمائی کے نظام سے لیس ایسے ہتھیار ہیں جو جی پی ایس اور اندرونی نیویگیشن ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے ہدف کو نشانہ بناتے ہیں۔ ان کی معیاری اقسام 70 کلومیٹر سے زیادہ فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
یہ راکٹ امریکی فوج کے دو اہم راکٹ لانچنگ سسٹمز، ہائی موبیلٹی آرٹلری راکٹ سسٹم یعنی HIMARS اور ایم 270 میں استعمال ہوتے ہیں۔ ہائی مارز کے ایک پوڈ میں چھ جبکہ ایم 270 میں مجموعی طور پر 12 راکٹ نصب کیے جا سکتے ہیں۔
لیکن امریکا کی تیاری صرف موجودہ پیداوار بڑھانے تک محدود نہیں! لاک ہیڈ مارٹن تقریباً 150 کلومیٹر تک مار کرنے والے توسیعی فاصلے کے راکٹ بھی تیار کر رہی ہے، جو موجودہ لانچنگ سسٹمز سے بھی فائر کیے جا سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سمندری حدود اور قدرتی گیس کے ذخائر پر تنازع،لیبیا ،ترکیہ کے معاہدے پر امریکا ،اسرائیل کے تحفظات
دوسری جانب کمپنی نے جنرل ڈائنامکس کے اشتراک سے تیار کیے گئے نئے سالڈ راکٹ موٹر کا پہلا تجربہ بھی مکمل کرلیا ہے۔ اس موٹر کی مزید آزمائشیں ہوں گی اور 2027 تک اس کی باقاعدہ منظوری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کامیابی کی صورت میں یہ راکٹوں کے لیے انجن فراہم کرنے والا امریکا کا تیسرا مقامی ذریعہ بن سکتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس پروگرام سے امریکا کی 35 ریاستوں میں 200 سے زائد سپلائرز وابستہ ہیں، جبکہ کیمڈن پلانٹ میں افرادی قوت میں 50 فیصد اضافے کا منصوبہ بھی بنایا گیا ہے۔











