اسلام آباد(پاک ترک نیوز ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن میں اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کے ڈیلرز مارجن میں نظرثانی کی سمری منظور کرلی گئی۔
ذرائع کے مطابق پٹرولیم ڈویژن نے ڈیلرز مارجن میں اضافے کی سمری ای سی سی میں پیش کی، جس کے تحت ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے فی لیٹر اضافے کی منظوری دی گئی۔
اضافے کے بعد پٹرولیم مصنوعات پر ڈیلرز مارجن 8.64 روپے سے بڑھ کر 9.98 روپے فی لیٹر ہو جائے گا۔
حکومت نے پٹرولیم ڈیلرز کے ساتھ مذاکرات کے دوران ڈیلرز مارجن میں اضافے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ای سی سی نے مارجن پر نظرثانی کی منظوری دی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر علی پرویز ملک اور وفاقی وزیر احد خان چیمہ سمیت وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔












