پشاور (پاک ترک نیوز )خیبر پختونخوا اسمبلی نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ لاہور میں پیش آنے والے واقعے کے خلاف مذمتی قرارداد کثرتِ رائے سے منظور کرلی۔
صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں مذمتی قرارداد وزیر قانون آفتاب عالم نے ایوان میں پیش کی، جسے ارکان کی رائے شماری کے بعد منظور کرلیا گیا۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو زبردستی پولیس گاڑی میں بٹھایا گیا اور انہیں سیکیورٹی اہلکاروں سے الگ کرکے بغیر سیکیورٹی کے چھوڑ دیا گیا۔
قرارداد میں کہا گیا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ، تاہم منتخب نمائندے کی سیکیورٹی کو ہر صورت مدنظر رکھا جانا چاہیے۔ منتخب وزیراعلیٰ کو اس انداز میں روکنا آئین کے آرٹیکل 4، 9 اور 25 کے منافی ہے۔
قرارداد کے مطابق کسی بھی صوبے کی پولیس کو منتخب وزیراعلیٰ کے ساتھ اس طرح کا سلوک کرنے کا اختیار حاصل نہیں۔ واقعے میں ملوث ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جانی چاہیے۔












