اسلام آباد( پاک ترک نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اپوزیشن کو ایک بار پھر مذاکرات کی پیشکش پر محمود خان اچکزئی نے اپوزیشن رہنماؤں کو مثبت جواب دینے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی نے تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین یوسفزئی کے ذریعے اپوزیشن رہنماؤں کو پیغام بھجوایا ہے کہ اگر حکومت مذاکرات کے لیے رابطہ کرے تو مثبت جواب دیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے واضح کیا ہے کہ حکومت سے رابطے کی صورت میں پہلی شرط بانی تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات ہونی چاہیے۔
ذرائع کے مطابق محمود خان اچکزئی کا کہنا ہے کہ حکومت عمران خان کی بہنوں کی رہائی کے ذریعے مذاکرات کے لیے مثبت پیش رفت کا آغاز کرسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان سے ملاقات نہیں ہوتی تو وزیراعظم سے ملاقات بے معنی ہوگی، جبکہ بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہ ہونے کی صورت میں وزیراعظم سے ملاقات سے انکار پر غور کیا جاسکتا ہے۔











