تہران (پاک ترک نیوز ) امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے خطے میں امریکی فوجی اہداف کو نشانہ بنایااردن میں پرنس حسن ایئر بیس پر امریکی فوجی تنصبات پر حملے کیے گئے ۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے حملے میں کئی بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے
پاسداران انقلاب کے مطابق قطر میں العدید فضائی اڈے کو بھی بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا جہاں جنگی طیاروں کی دیکھ بھال اور مرمت کےمرکز سمیت کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو تباہ کر دیا۔
بحرین میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کی تصدیق بحرین کی وزارت داخلہ نے بھی کی ہے۔
متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع کے مطابق فضائی دفاعی نظام ایران سے آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے میں مصروف ہے جبکہ قطر کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ملک کو نشانہ بنانے والا میزائل حملہ ناکام بنا دیا گیا ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کو تا حکم ثانی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ایک بحری جہاز نے غیر منظور شدہ راستے سے گزرنے کی کوشش کی جس پر انتباہی فائرنگ کی گئی۔












