اسلام آباد (پاک ترک نیوز )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کے مختلف علاقوں میں جاری بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کسی بھی علاقے میں بجلی کی بندش دو گھنٹے سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت بجلی کی لوڈ مینجمنٹ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں حکام نے بتایا کہ خطے کی موجودہ صورتحال، آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور ترسیلی مشکلات کے باعث آر ایل این جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، جس سے بجلی کی پیداوار میں کمی آئی۔
حکام کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ کرنا پڑ رہی ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آر ایل این جی کی ترسیل میں ممکنہ تعطل سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور بجلی کی پیداوار کے لیے تمام دستیاب وسائل بھرپور انداز میں استعمال کیے جائیں، تاکہ عوام کو طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے بجلی کی ترسیل اور دیگر مسائل پر عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی سطح پر صارفین کی شکایات کے ازالے کی کمیٹیاں قائم کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ ان کمیٹیوں میں عوامی نمائندگی شامل ہونی چاہیے اور انہیں ایک ہفتے کے اندر فعال کیا جائے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی صارفین شکایات درج کرانے کے لیے ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ شکایت درج ہونے کے بعد صارف کو شکایت کا ٹوکن نمبر اور اس کے ازالے کا متوقع وقت بھی بتایا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق ضلع راجن پور کے علاوہ ملک بھر میں مون سون بارشوں کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر نہیں ہوئی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، مصدق ملک، عطا اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، سردار اویس لغاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔












