پشاور ( پاک ترک نیوز) پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا میں 19 سے 23 جولائی تک شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا۔ صوبے کے بیشتر اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ۔
پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور فلش فلڈ کا خطرہ، عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، سوات اور ایبٹ آباد میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
تیز ہوائیں اور آسمانی بجلی کمزور مکانات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان
پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔حساس علاقوں میں ایمرجنسی مشینری، امدادی سامان اور ریسکیو ٹیموں کی پیشگی تعیناتی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق سیاح موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں۔ کسان فصلوں اور مویشی پال حضرات اپنے جانوروں کی حفاظت کے لیے احتیاطی اقدامات کریں۔ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ بارش کے دوران زیر آب سڑکوں، پلوں اور برساتی نالوں کو عبور نہ کیا جائے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی اپرییشن سنٹر مکمل فعال ہے عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر پی ڈی ایم اے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 پر اطلاع دیں۔












