پشاور ( پاک ترک نیوز) خیبرپختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل آفس میں اندرونی اختلافات اور مبینہ کشیدگی کے باعث 9 ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔
مستعفی ہونے والوں میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل انعام یوسفزئی اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل محمد نعیم بھی شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ کو بھجوائے گئے اپنے استعفوں میں لاء افسران نے صوبائی سیاسی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے تحت دو سال تک خدمات انجام دینا ان کے لیے باعثِ فخر رہا، تاہم اب وہ اپنی ذمہ داریاں مزید جاری نہیں رکھ سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: کینیڈا اور امریکا کے درمیان گورڈی ہاؤ برج ٹریفک کے لیے کھل گیا
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وکیل انعام یوسفزئی نے انصاف لائرز فورم کی صوبائی قیادت پر سنگین الزامات عائد کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ فورم کے بعض عہدیدار ایڈووکیٹ جنرل آفس میں تعینات لاء افسران سے ہر ماہ رقم کا مطالبہ کرتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے وفادار کارکن ہیں اور انہیں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی حمایت حاصل ہے۔ ان کا الزام تھا کہ انصاف لائرز فورم کے صوبائی صدر نے ذاتی اختلافات کی بنیاد پر صوبائی حکومت پر دباؤ ڈال کر استعفے منظور کروائے۔












