سڈںی (پاک تک یوز)آسٹریلیا کی دوسری بڑی سپر مارکیٹ چین کولز سائبر حملے کی زد میں آ گئی، کمپنی نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، تاہم اب تک صارفین، ملازمین یا سپلائرز کا ڈیٹا چوری یا متاثر ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
کولز نے سائبر سکیورٹی کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آسٹریلیا کے سائبر سکیورٹی مرکز اور عالمی ماہرین کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس کے کاروباری امور معمول کے مطابق جاری ہیں اور صارفین دکانوں کے علاوہ آن لائن بھی خریداری کر سکتے ہیں۔
کولز انتظامیہ نے صارفین سے ممکنہ پریشانی پر معذرت کرتے ہوئے انہیں مضبوط اور منفرد پاس ورڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ صارفین کسی بھی غیر متوقع ای میل یا موبائل پیغام میں موصول ہونے والے مشکوک روابط پر کلک نہ کریں اور خود کو کولز کا نمائندہ ظاہر کرنے والے پیغامات سے محتاط رہیں۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ایک اور بڑی سپر مارکیٹ چین وول ورتھز کے صارفین کے ڈیجیٹل تحفہ کارڈز میں مالی بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ بعض صارفین کے مطابق انہوں نے انعامی پروگرام کی ویب سائٹ یا موبائل ایپ سے تحفہ کارڈ خریدے، لیکن ان کارڈز میں موجود رقم کسی دوسرے شخص نے خرچ کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں فضائی آلودگی پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی
رپورٹس کے مطابق بعض صارفین کو پانچ سو آسٹریلوی ڈالر تک کا نقصان ہوا، جبکہ کارڈز سے ہونے والی خریداری ان ریاستوں کی دکانوں پر ظاہر ہوئی جہاں متاثرہ صارفین نے کارڈ خریدے ہی نہیں تھے۔












