بالنیاریو کمبوریو (پاک ترک نیوز ) جنوبی امریکا کے ملک برازیل میں دنیا کا بلند ترین رہائشی ٹاور تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کی مجوزہ بلندی ایک ہزار 785 فٹ ہوگی۔ سینیّا ٹاور نامی یہ عمارت مکمل ہونے کے بعد امریکا کی بلند ترین عمارت ون ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے بھی اونچی ہوگی۔برازیل کے ساحلی شہر بالنیاریو کمبوریو میں زیرِ تعمیر اس ٹاور کی بنیاد مکمل ہو چکی ہے اور تعمیراتی ٹیم اب عمارت کے زمینی حصے کی تعمیر کے اگلے مرحلے کی تیاری کر رہی ہے۔ منصوبے کے سربراہ سول انجینئر اسٹیفین ڈومینیگھینی کے مطابق آئندہ سال کے اختتام تک عمارت کے ستون، دیواریں، فرش اور دیگر بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نمایاں طور پر سامنے آنے کی توقع ہے۔
منصوبے کی تکمیل میں مزید چھ سے سات سال لگ سکتے ہیں۔ انجینئر کے مطابق برازیل میں تعمیراتی کام کے اوقات محدود ہیں، جہاں روزانہ صبح سات سے شام پانچ بجے تک کام کی اجازت ہے، جبکہ ہفتہ وار تعطیلات میں تعمیراتی سرگرمیاں نہیں ہوتیں۔اس ٹاور کا نام برازیل کے معروف آنجہانی موٹر ریسنگ کھلاڑی ایرٹن سینا کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے 1994ء میں سان مارینو گراں پری کے دوران حادثے میں جان گنوا دی تھی۔ منصوبے کے منتظمین کے مطابق ایرٹن سینا برازیل کے لیے قومی فخر اور کامیابی کی علامت ہیں۔منصوبے میں دبئی کی برج خلیفہ سمیت دنیا کی بلند ترین عمارتوں پر کام کرنے والے آسٹریلوی سول انجینئر پروفیسر ہیری پولوس سے بھی مشاورت لی گئی ہے۔ تعمیراتی ٹیم کا دعویٰ ہے کہ بنیادوں کی تعمیر کے لیے اختیار کیا گیا جدید طریقہ روایتی طریقوں کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد تیز رفتار ثابت ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کی بڑی سپر مارکیٹ چین کولز پر سائبر حملہ، صارفین سے معذرت
سینیّا ٹاور کو لاطینی امریکا کی پہلی انتہائی بلند رہائشی عمارت بنانے کا ہدف بھی رکھا گیا ہے جو ماحولیاتی معیار کے عالمی ادارے سے اعلیٰ ترین پلاٹینم سند حاصل کرے گی۔







