اسلام آباد(پاک ترک نیوز)ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر عباس عراقچی کی پاکستان آمد متوقع ہے، وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ معزز غیر ملکی مہمانوں کی آمد اتوار سے شروع ہوگی۔عباس عراقچی کے علاوہ وسطی ایشیائی ممالک کے وزرائے خارجہ بھی پاکستان پہنچیں گے۔
پیر کی صبح نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اجلاس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کریں گے، جبکہ ای سی او کے سیکریٹری جنرل اسد مجید خان اور رکن ممالک کے وزرائے خارجہ بھی اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔
اجلاس میں شریک غیر ملکی وزرائے خارجہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ وزیراعظم کی جانب سے معزز مہمانوں کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے بڑے آپریشنز، 48 گھنٹوں میں 43 دہشت گرد ہلاک
اجلاس کے ایجنڈے میں رکن ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کا فروغ، علاقائی روابط میں بہتری اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے سمیت اہم امور زیر غور آئیں گے۔
پاکستان میں ای سی او کا یہ اہم اجلاس علاقائی سفارت کاری، اقتصادی شراکت داری اور تجارتی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔












