جہلم (پاک ترک نیوز )جہلم میں 46ویں پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن سینٹرل میٹ کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف تقریب کے مہمان اعزاز تھے۔
آرمی مارکس مین شپ یونٹ جہلم میں ہونے والے یہ بڑے نشانہ بازی مقابلے 7 اکتوبر سے 11 نومبر 2026 تک جاری رہے۔ مقابلوں میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ اور دیگر مسلح اداروں کے 1500 سے زائد نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔ رینجرز، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، صوبائی وفود، وفاقی رائفل ایسوسی ایشن اور شہریوں نے بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
تقریب کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایڈمرل نوید اشرف نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے نشانہ بازوں میں ٹرافیاں اور تمغے تقسیم کیے۔
چوتھی بین الخدماتی جنگی نشانہ بازی چیمپئن شپ کی ٹرافی پاک فوج نے اپنے نام کی، جبکہ آرمی مارکس مین شپ یونٹ نے وزیراعظم اسکلز ایٹ آرمز بگ بور قومی چیلنج مقابلہ جیت لیا۔
ملٹری شوٹنگ کا اعلیٰ ترین اعزاز ’’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘‘ ٹرافی، جسے ڈولی کپ بھی کہا جاتا ہے، پنجاب رجمنٹ کے حوالدار فضل الرحمان نے حاصل کی۔ پنجاب رجمنٹ نے یونٹ فائرنگ مہارت کے مقابلے اور انفنٹری اسکواڈ مقابلے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ نشانہ بازی میں مہارت حاصل کرنا ایک پیشہ ور سپاہی کا طرۂ امتیاز ہے۔ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت بنیادی فوجی تربیت کا لازمی حصہ ہونی چاہیے۔
جہلم آمد پر آئی جی ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن اور کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔












