نیویارک (پاک ترک نیوز )عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں اگست کے بعد کم ترین سطح پر آگئیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران جنگ مؤثر طور پر ختم ہونے کے بیان کے بعد عالمی حصص بازاروں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔
برطانوی خام تیل برینٹ کی قیمت میں تقریباً 3 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد قیمت 89 ڈالر 66 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔ یہ 31 اگست کے بعد خام تیل کی کم ترین قیمت ہے۔
اس سے قبل پیر کے روز بھی تیل کی قیمتوں میں تقریباً 6 فیصد کمی ہوئی تھی، جس کی وجہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے اور جنگ کے خاتمے کی امیدیں تھیں۔
وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف اس وقت مزید فوجی کارروائی ضروری دکھائی نہیں دیتی، تاہم امریکی فوج کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیار ہے۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور خلیجی اتحادی ایران کی جانب سے محفوظ ہیں اور حالات کو مزید کشیدہ کرنے کی ضرورت نہیں۔
یورپی حصص بازاروں میں بھی مثبت رجحان رہا۔ یورپ کے اہم حصص اشاریے میں 0.9 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ برطانیہ کا ایف ٹی ایس ای 100 انڈیکس 45 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 10 ہزار 828 پر پہنچ گیا۔
تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث فضائی کمپنیوں کے حصص بھی اوپر گئے، جبکہ تیل کی بڑی کمپنیوں بی پی اور شیل کے حصص میں بالترتیب 1.7 اور 1.5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے سے توانائی کی قیمتوں اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی کی امید پیدا ہوئی ہے، تاہم عالمی معیشت اور مالیاتی منڈیوں کو درپیش خطرات تاحال برقرار ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ عالمی منڈی میں ہونے والی کمی کے اثرات مقامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی منتقل ہوں۔












