اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ایس ای او سمٹ سے قبل وفاقی دارالحکومت کے ہاسپٹیلٹی سیکٹر کو بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ سمٹ سے قبل اسلام آباد کے تمام زیر تعمیر ہوٹلوں کی تکمیل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، ہوٹل مالکان سے مسلسل رابطہ رکھا جائے اور ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں۔
محسن نقوی نے موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور معیار کو بین الاقوامی سطح پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے مقامی ہوٹلوں کو عالمی ہوٹل چینز کے ساتھ منسلک کرنے کے لیے روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں ون کنسٹیٹیوشن ایونیو کو بین الاقوامی معیار کے ہوٹل میں تبدیل کرنے کے منصوبے پر بریفنگ دی گئی، جبکہ اس سے ملحقہ عمارت میں بین الاقوامی معیار کا مال تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ون کنسٹیٹیوشن ایونیو منصوبے پر تعمیراتی کام کا آغاز یکم جنوری سے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ہاسپٹیلٹی سیکٹر کی ضروریات پوری کرنے کے لیے خصوصی تربیتی کورسز شروع کرنے اور نئے ہوٹلوں کے فعال ہونے سے پہلے تربیت یافتہ افرادی قوت کی دستیابی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: کنٹونمنٹ بورڈز میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن میں فیصلہ محفوظ
اس موقع پر کنونشن سینٹر کی تزئین و آرائش اور نئے ہال کی تعمیر کے منصوبے پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو ایس ای او سمٹ کے لیے مکمل طور پر تیار کرنا ہے اور آنے والے معزز مہمانوں کے شایان شان انتظامات یقینی بنائے جائیں۔












