واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی شکست کے بعد انتخابی نتائج کی شفافیت پر سوالات اٹھا دیے، حالانکہ وہ چند روز قبل نتائج تسلیم کرنے پر آمادگی ظاہر کر چکے تھے۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے سوال کیا کہ کیا واقعی کسی کو یقین ہے کہ یہ انتخابات شفاف تھے؟ پولنگ کے نتائج اتنے مختلف کیسے ہو سکتے ہیں؟
ٹرمپ نے اپنے بیان میں پولنگ، ووٹوں کی گنتی اور انتخابی مشینوں سے متعلق مبہم دعوے بھی کیے، تاہم ان کے حق میں کوئی ٹھوس ثبوت پیش نہیں کیا۔امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی نے کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ ڈیموکریٹس نے سینیٹ کی 54 اور ایوانِ نمائندگان کی 254 نشستیں جیت لی ہیں، جبکہ بعض ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی تاحال جاری ہے۔ریاستی اور مقامی انتخابی حکام نے اب تک انتخابی عمل کو مجموعی طور پر پُرامن اور معمول کے مطابق قرار دیا ہے۔انتخابی ماہرین کا کہنا ہے کہ مختلف ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی اور نتائج کے اعلان میں فرق معمول کی بات ہے اور اس کا لازمی مطلب دھاندلی نہیں ہوتا۔
یہ بھی پڑھیں: اسکاٹ لینڈ کا بھی افغانستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ
دوسری جانب ٹرمپ نے ریپبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ ایران جنگ اور پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو بھی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ عوام ایران سے متعلق ان کی پالیسی کی حمایت تو کرتے ہیں، لیکن پٹرول کی زیادہ قیمتوں کے اثرات برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں تھے۔












