واشنگٹن(پاک ترک نیوز)امریکی صدارتی انتخابات 2028 میں حصہ لینے کے خواہش مند ڈیموکریٹ سینیٹر کرسٹوفر وان ہولن کا پاکستان سے خصوصی تعلق سامنے آگیا، امریکی سینیٹر کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔
ریاست میری لینڈ کی سرکاری ویب سائٹ میری لینڈ مینوئل آن لائن پر موجود سوانح عمری کے مطابق کرس وان ہولن 1959 میں کراچی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد امریکی محکمہ خارجہ میں سفارت کار تھے۔
کرس وان ہولن نے گزشتہ سال پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں پاکستان سے خصوصی تعلق کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں امریکی سفارت کار کے بیٹے کی حیثیت سے پیدائش ان کے لیے پاکستان کے ساتھ ایک خاص رشتہ رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے زندگی بھر پاکستانی عوام کی مہمان نوازی، خلوص اور عزم کو قریب سے دیکھا ہے۔ وہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان مضبوط تعلقات پر فخر کرتے ہیں اور امریکا و پاکستان کے دوستانہ روابط مزید مستحکم کرنے کے خواہاں ہیں۔
امریکی سینیٹر نے 2021 میں افغانستان میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکی شہریوں اور دیگر افراد کے انخلا میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کی معاونت پر بھی شکریہ ادا کیا تھا۔
2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد انہوں نے اس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے امریکی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
فروری 2024 میں کرس وان ہولن نے پاکستان کے اُس وقت کے سفیر مسعود خان کو خط لکھ کر 8 فروری کے عام انتخابات میں دھاندلی اور انتخابی مداخلت کے الزامات کی مکمل تحقیقات پر زور دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام ہی نئی حکومت کو ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے قابل بنا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں روبوٹ ویٹریس گاہکوں کو کھانا پیش کرنے لگی
کرس وان ہولن نے بھارت میں بھی کچھ عرصہ تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے ریاست تامل ناڈو کے کوڈائی کنال انٹرنیشنل اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد سوارثمور کالج سے فلسفے کی تعلیم مکمل کی، جبکہ ہارورڈ یونیورسٹی سے عوامی پالیسی میں ماسٹرز اور جارج ٹاؤن یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔
وہ جنوری 2017 سے امریکی سینیٹ کے رکن ہیں، اس سے قبل 2003 سے 2017 تک امریکی ایوان نمائندگان کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔












