انقرہ ( پاک ترک نیوز) ترکیہ نے مصر کو مشرقی بحیرہ روم میں 15 ہزار مربع کلومیٹر اضافی سمندری حدود دینے کی پیشکش کر دی۔ انقرہ کا مقصد اس پیشکش کے ذریعے مصر کی حمایت حاصل کرنا اور لیبیا کے ساتھ اپنے متنازع سمندری معاہدے کو تقویت دینا ہے، تاہم قاہرہ نے تاحال اس تجویز پر آمادگی ظاہر نہیں کی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ اور مصر کے درمیان سمندری حدود کے معاملے پر اختلافات دونوں ممالک کے تعلقات میں بڑی رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔ مصر کو خدشہ ہے کہ ترکیہ کی مجوزہ سمندری حدود کا کچھ حصہ 2020 میں یونان کے ساتھ ہونے والے اس کے موجودہ معاہدے میں بھی شامل ہے۔
ترکیہ چاہتا ہے کہ مصر کی حمایت سے لیبیا کے ساتھ اس کا سمندری معاہدہ مضبوط ہو، جسے یونان اور خطے کے بعض دیگر ممالک متنازع قرار دیتے ہیں۔دوسری جانب لیبیا میں ترک فوجی موجودگی بھی دونوں ممالک کے درمیان اختلافات کی اہم وجہ ہے۔ اندازوں کے مطابق ترکیہ کے 3 ہزار سے 5 ہزار فوجی لیبیا میں موجود ہیں، جہاں انقرہ طرابلس کی قومی اتحاد حکومت کی حمایت کرتا ہے۔رپورٹ کے مطابق مصر، الجزائر اور تیونس نے حال ہی میں مشترکہ اعلامیے میں لیبیا سے تمام غیر ملکی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ ملک میں ملک گیر انتخابات کی راہ ہموار ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: گوگل، مائیکروسافٹ اور اوپن اے آئی کا ویب سائٹس کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدام
ادھر مصر کی سرحد کے قریب مشرقی لیبیا میں تقریباً 3.6 کلومیٹر طویل نئی فضائی پٹی کی تعمیر بھی قاہرہ کے لیے تشویش کا باعث بن رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ فضائی پٹی ترک کمپنیوں کے اشتراک سے تعمیر کی گئی ہے اور مصری سرحد سے تقریباً 23 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ اور مصر کے تعلقات میں 2023 سے بہتری آنا شروع ہوئی تھی، تاہم لیبیا، سمندری حدود اور علاقائی سلامتی کے معاملات اب بھی دونوں ملکوں کے درمیان اعتماد کی بحالی میں رکاوٹ ہیں۔












