اسلام آباد (پاک ترک نیوز )ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ کو پاکستان کا ویزا جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ پاکستان نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزوں کا اجرا بند نہیں کیا، رواں سال بھی 4 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوگیا ہے۔ اجلاس 20 سے 22 نومبر تک نئی دہلی میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پاکستان کی شرکت سے متعلق فیصلہ ادارہ جاتی مشاورت اور ضابطہ کار مکمل ہونے کے بعد قیادت کرے گی۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مکہ اتحاد کے رکن ممالک کا ایران کے ساتھ پہلا مشاورتی اجلاس اتحاد کے دفاعی اور امن پسند مقاصد کا ثبوت ہے۔ مکہ اتحاد کسی ملک کے خلاف نہیں بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ آئندہ اجلاسوں کی تاریخیں تاحال طے نہیں ہوئیں، تاہم مناسب وقت پر مزید ملاقاتیں ہوں گی۔
پاک ایران سرحد سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ سرحد کے ذریعے آمدورفت جاری ہے، تاہم بارڈر کھلنے کی موجودہ حیثیت متعلقہ اداروں سے معلوم کرنا ہوگی۔









