پشاور ( پاک ترک نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں، پوری قوم کو تشویش ہے اور ان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔بیرسٹر گوہر کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوچکی ہے، جس میں ان کی صحت اور مقدمات کے حوالے سے کچھ ہدایات بھی موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست دائر کی ہے۔ عدالتی حکم میں بانی پی ٹی آئی کو شفٹ کرنے، ان کا علاج کرانے اور طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
بیرسٹر گوہر نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ کیس کی جلد سماعت مقرر کی جائے اور بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔ ارکان اسمبلی، کارکنوں اور سپورٹرز کو اٹھانے کا سلسلہ بھی بند ہونا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا ٹی ڈی اے پی کو عالمی معیار کا ادارہ بنانے کا فیصلہ
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی گرفتاری پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ جیل میں ہیں اور تاحال ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں۔ بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو فوری رہا کیا جائے۔











