اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) پاکستان کے ریفائنری سیکٹر نے مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں شاندار مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 57 ارب 6 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کرلیا، جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2 ارب 90 کروڑ روپے کے مقابلے میں تقریباً 20 گنا زیادہ ہے۔میٹس گلوبل کی مرتب کردہ مالیاتی تفصیلات کے مطابق اس جائزے میں اٹک ریفائنری، سنرجیکو پاکستان، نیشنل ریفائنری اور پاکستان ریفائنری شامل ہیں۔چاروں کمپنیوں کی مجموعی فروخت اور آمدن 116.5 فیصد اضافے کے ساتھ 567 ارب 48 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ حجم 262 ارب 16 کروڑ روپے تھا۔
ریفائنری سیکٹر کی فروخت کی لاگت میں 85.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کے نتیجے میں مجموعی منافع 11 گنا سے زائد بڑھ کر 98 ارب 52 کروڑ روپے ہوگیا، جبکہ گزشتہ سال یہ صرف 8 ارب 92 کروڑ روپے تھا۔مجموعی منافع میں نمایاں اضافے کے باعث آپریٹنگ منافع بھی 10 گنا سے زائد بڑھ کر 94 ارب 52 کروڑ روپے تک پہنچ گیا۔ دوسری جانب مالیاتی اخراجات تقریباً مستحکم رہے اور ان کا حجم 3 ارب 79 کروڑ روپے ریکارڈ کیا گیا۔ٹیکس سے قبل منافع تقریباً 18 گنا اضافے کے ساتھ 90 ارب 73 کروڑ روپے ہوگیا، جبکہ ٹیکس اخراجات بڑھ کر 33 ارب 79 کروڑ روپے تک پہنچ گئے۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ شہدائے جموں: سحر کامران کی قومی اسمبلی میں قرارداد جمع
کمپنیوں کے مطابق عالمی سیاسی کشیدگی، خصوصاً امریکا اور ایران کے درمیان طویل تنازع، تیل کی عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور مہنگائی کے باعث آئندہ کاروباری ماحول میں غیر یقینی صورتحال برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔








