اسلام آباد (پاک ترک نیوز )سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں وہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے مشرقی ایشیا نے سنگاپور کے وزیر خارجہ کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ یہ دورہ سنگاپور کی جانب سے 2027 میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کی سربراہی سنبھالنے سے قبل ہورہا ہے۔
دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ کے درمیان دوطرفہ مذاکرات ہوں گے، جن میں دونوں ممالک کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان کی قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے اور سنگاپور کی سول ڈیفنس فورس کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔سنگاپور کے وزیر خارجہ دورے کے دوران پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: تربت کے دو نوجوانوں کا کالعدم بی ایل اے سے لاتعلقی اور ریاست سے وفاداری کا اعلان، اہم انکشافات
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ ڈاکٹر ویویئن بالاکرشنن کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔






