اسلام آباد (پاک ترک نیوز )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پارلیمان طاقتور ہوگی تو ہم سب طاقتور ہوں گے۔ حکومت کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہییں، جبکہ اپوزیشن کو بھی فعال کردار ادا کرنے کی ذمہ داری اٹھانا ہوگی۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کا فنانس کمیٹی میں نہ بیٹھنا پارلیمان کے کردار کو کمزور کرنے کا باعث بنا ہے۔ پاکستان کو اس وقت مختلف مشکلات کا سامنا ہے، اس لیے وزیر داخلہ کو ایوان میں آکر بریفنگ دینی چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر آپ پارلیمان کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں تو اپنے ارکان کو کمیٹیوں میں بٹھائیں۔ انہوں نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ اس کے پاس جو طاقت ہے، اسے استعمال کرنا شروع کرے اور پارلیمان کے مؤثر کردار کو یقینی بنانے میں اپنا حصہ ڈالے۔












