پشاور (پاک ترک نیوز )پی ٹی آئی نے لانگ مارچ 5 اکتوبر تک ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ،تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سے قبل پارٹی قیادت میں 5 سے 10 اکتوبر تک مارچ ملتوی کرنے کی تجویز زیرِ غور تھی۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اسلام آباد میں کنٹینرز پر لگائے گئے کیلوں کی ویڈیو بھی چلائی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ویڈیوز میں آپ نے کیل دیکھے، کیا کے پی کو باقی پاکستان سے کاٹنے کی سازش پر باقاعدہ کام شروع ہوگیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ دوسرے صوبوں کے سرکاری لوگ خیبرپختونخوا میں آکر ہمارے سرکاری اہلکاروں سے الجھ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے دعویٰ کیا کہ صوبائی محکمہ اطلاعات کے وزیر کو میڈیا پر آنے سے روکا گیا اور انہیں اطلاع ملی تھی کہ ان کی پریس کانفرنس بھی روک دی جائے گی۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارا لانگ مارچ ہر صورت پرامن ہوگا، چاہے گولیاں چلائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ چینل مالکان سے پوچھ لیں کہ انہیں میرا پروگرام چلانا ہے یا نہیں۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جس سیکریٹریٹ سے صوبہ چلتا ہے، اسے جعلی تھریٹس کے نام پر بند کردیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکریٹریٹ کینٹ میں موجود ہے، اگر یہاں خطرہ تھا تو پھر ملازمین تنخواہیں کس چیز کی لے رہے ہیں۔
پی ٹی آئی قیادت کے اجلاس میں اسلام آباد اور دیگر راستوں کی بندش، اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا۔












