واشنگٹن ( پاک ترک نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ مزید وسیع ہونے لگا۔۔ امریکا نے ایران پر مسلسل تیرہویں رات بھی حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔۔ ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، ڈرون ذخیرہ گاہوں، مواصلاتی نیٹ ورکس، ساحلی نگرانی کے مراکز اور بحری عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا۔۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف پہلے سے بھی بڑی فوجی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
امریکی کارروائیاں مسلسل تیرہویں رات بھی جاری رہیں۔ رپورٹس کے مطابق بندر عباس، اہواز اور صوبہ کرمان میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ صوبہ کرمان میں ٹام ہاک میزائلوں سے حملے کیے گئے۔ امریکی حملوں کا ہدف ایرانی فوجی کمانڈ سینٹرز، ڈرون ذخیرہ گاہیں، مواصلاتی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز اور بحری تنصیبات بتائی جا رہی ہیں۔
ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے کئی آنے والے میزائل فضا ہی میں تباہ کر دیے، جبکہ قشم جزیرے کے قریب پرواز کرنے والے ایک طیارے کو مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر جلتے ہوئے ملبے کی ویڈیوز بھی گردش کر رہی ہیں، تاہم ان کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ممکنہ بڑے فوجی آپریشن کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ کارروائی "آپریشن ایپک فیوری” سے بھی زیادہ بڑی ہو سکتی ہے۔ خبر رساں ادارے ایگزیوس کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا سفارتی راستہ بند نہیں کر رہا، تاہم فوجی آپشن بھی پوری طرح زیر غور ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکہ کے ایران پر مسلسل تیرہویں رات حملے
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات میں دلچسپی رکھتا ہے لیکن معاہدہ کرنے کے لیے تیار نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکی مفادات اور عالمی تجارت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا، جبکہ تجارتی جہازوں کو پہنچنے والے نقصانات کی ادائیگی ایرانی منجمد اثاثوں سے کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکی صدر کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بغیر سوچے سمجھے جارحیت ٹرمپ کو بھاری قیمت چکانے پر مجبور کرے گی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایرانی منجمد اثاثوں کو کسی بھی قسم کی ادائیگی کے لیے استعمال کرنا انتہائی خطرناک روایت ثابت ہو سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر ریاستیں ایک دوسرے کے اثاثے ضبط کرنے کو معمول بنا لیں تو پھر دنیا میں کسی بھی ملک کے اثاثے محفوظ نہیں رہیں گے، جس سے عالمی مالیاتی نظام میں شدید افراتفری اور مزید کشیدگی جنم لے سکتی ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان مسلسل بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی نہ صرف خطے بلکہ عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے لیے بھی بڑا خطرہ بنتی جا رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر سفارتی کوششیں ناکام رہیں اور حملوں کا سلسلہ مزید وسیع ہوا تو یہ تنازع پورے مشرقِ وسطیٰ کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت، تیل کی قیمتوں اور بین الاقوامی سلامتی پر بھی مرتب ہوں گے۔












