نئی دہلی ( پاک ترک نیوز) پاکستان کے جے-35 کے جواب میں بھارت کا بڑا قدم، روسی اسٹیلتھ طیارے ایس یو-57 ای کی خریداری مذاکرات آخری مرحلے میں داخل ہو گئے۔
بھارت اور روس کے درمیان پانچویں نسل کے جدید اسٹیلتھ جنگی طیارے ایس یو-57 ای (Su-57E) کی خریداری اور مقامی سطح پر تیاری سے متعلق مذاکرات اہم مرحلے میں داخل ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق مجوزہ معاہدے کے تحت روس ابتدائی طور پر بھارتی فضائیہ کو تیار شدہ ایس یو-57 ای طیارے فراہم کرے گا، جبکہ بعد ازاں ان طیاروں کی لائسنس یافتہ پیداوار بھارت میں شروع کی جائے گی۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ ماسکو نے بھارت کی مقامی پیداوار اور ٹیکنالوجی منتقلی سے متعلق مطالبات پر بھرپور تعاون کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے دونوں ممالک کے دفاعی تعاون میں نئی جان آنے کی توقع ہے۔
بھارت کا اپنا مقامی پانچویں نسل کا جنگی طیارہ ایڈوانسڈ میڈیم کومبیٹ ایئرکرافٹ دو ہزار پینتیس کے آس پاس آپریشنل ہونے کی توقع ہے، جس کے باعث نئی دہلی فوری طور پر اسٹیلتھ صلاحیت حاصل کرنے کے متبادل راستے تلاش کر رہا ہے۔












