پشاور (پاک ترک نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے وفاقی وزیر احسن اقبال کی سربراہی میں وفاقی مذاکراتی ٹیم نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ نے وفاق کی خیبرپختوںخوا سے ناانصافیوں کی شکایات کے انبار لگادیے۔
ملاقات میں عمران خان سے مشاورت و ملاقات، قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس، صوبے کے مالی و آئینی حقوق، ضم شدہ اضلاع کے ترقیاتی فنڈز، توانائی، گندم کی فراہمی، پن بجلی منصوبوں اور دیگر اہم بین الحکومتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے وفاقی وفد پر واضح کیا کہ خیبرپختونخوا کے ساتھ مسلسل امتیازی اور غیر منصفانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے اور اگر صوبے کے جائز آئینی و مالی حقوق سے مسلسل انکار کا سلسلہ برقرار رہا تو این ای سی اجلاس میں شرکت مشکل ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا بجٹ سے متعلق اہم فیصلوں اور قومی نوعیت کے معاملات پر مشاورت کے لیے عمران خان سے ملاقات ناگزیر ہے کیونکہ تمام سیاسی جماعتیں اہم فیصلوں سے قبل اپنی قیادت سے رجوع کرتی ہیں اور صوبائی حکومت بھی اسی جمہوری اور سیاسی اصول پر عمل پیرا ہے۔











