اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی بجٹ کی منظوری سے قبل حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات اور تحفظات دور کرنے کے لیے سیاسی رابطوں میں تیزی آ گئی ۔ اسی سلسلے میں آج ایوانِ صدر میں اہم مشاورتی اجلاس ہوگا جس میں ملک کی اعلیٰ سیاسی قیادت شریک ہوگی۔
ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان آج اہم ملاقات ہو گی جس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ، اتحادی معاملات اور مجموعی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر اور شیری رحمان بھی شریک ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے وفاقی بجٹ کے بعض نکات پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور حکومت بجٹ پیش ہونے سے قبل اتحادی جماعت کو اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔ ملاقات میں ترقیاتی فنڈز، صوبوں کے حصے، سندھ کے منصوبوں اور دیگر معاشی امور پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بجٹ سے قبل حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان یہ ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ اتحادی تعاون بجٹ کی منظوری اور آئندہ سیاسی حکمت عملی کے لیے کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا گیا ہے جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔
اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزرا اور متعلقہ حکام شرکت کریں گے۔ قومی اقتصادی کونسل نئے مالی سال کے ترقیاتی بجٹ، سالانہ ترقیاتی پروگرام اور اہم قومی منصوبوں کی منظوری دے گی۔
واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس اس سے قبل دو مرتبہ ملتوی کیا جا چکا ہے، جس کے باعث ترقیاتی بجٹ اور منصوبوں کی منظوری میں تاخیر ہوئی تھی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق این ای سی اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی اخراجات، وفاقی و صوبائی ترقیاتی ترجیحات اور معاشی اہداف کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ بجٹ سے قبل اہم فیصلوں کی منظوری بھی متوقع ہے۔












