پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی
اسلام آباد ( پاک ترک نیوز) وفاقی حکومت نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کمی کر دی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی گئی وزیراعظم کی منظوری کے بعد وزارتِ پٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی نئی قیمت 377 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔
دوسری جانب مٹی کے تیل کی قیمت میں 8 روپے 70 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 280 روپے 70 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارتِ پٹرولیم کے ذرائع کے مطابق حکومت نے پٹرول 4روپے لٹر سستا کردیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی میں 24 روپے 74 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ پٹرول پر لیوی 91 روپے 34 پیسے سے بڑھا کر 116 روپے 8 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی میں 24 روپے 34 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 68 روپے 93 پیسے سے کم ہو کر 44 روپے 59 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔مٹی کے تیل پر پٹرولیم لیوی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں کمی سے صارفین کو جزوی ریلیف ملے گا، تاہم مٹی کے تیل کی قیمت میں اضافے سے سرد علاقوں اور دیہی آبادیوں پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ ہفتے بھی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 22،22روپے فی لٹر کی بڑی کمی کی تھی ۔جس سے پٹرول کی قیمت 381
روپے 78ہو گئی تھی جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل 380روپے 78پیسے فی لٹر ہو گیا تھا ۔
قبل ازیں پٹرول 403 روپے 78 پیسے اور ڈیزل 402 روپے 78 پیسے مقرر تھی ۔اس سے قبل 15 مئی کو شروع ہوئے ہفتے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔












