کراچی (پاک ترک نیوز )چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہناہے پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی برداشت کرے گا، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ۔ اکستان امن کا خواہاں ہے مگر امن باہمی عزت اور احترام کے ساتھ ہونا چاہیے۔
کراچی میں معرکہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ایک سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتِ حال کا شکار تھا تاہم آج قوم کے اتحاد نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے۔ دشمن سمجھتا تھا کہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکتا ہے، مگر وہ قوم کے عزم سے واقف نہیں تھا، یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ حوصلے، یکجہتی اور قومی طاقت کی جیت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا مسلح افواج نے میدان جنگ میں جرأت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی جبکہ سفارت کاروں نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔معرکۂ حق پاکستان کی تاریخ کا سنہرا باب ہے اور کامیابی کے بعد اب ذمے داری ہے کہ ملک کو مزید مضبوط بنایا جائے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے اتحاد کی نئی مثال قائم کی۔












