لاہور( پاک ترک نیوز) کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ 1400 سال پہلے مکہ کیسا دکھائی دیتا ہوگا؟ وہ گلیاں، وہ بازار، وہ سادگی۔ جہاں سے اسلام کی روشنی پوری دنیا میں پھیلی۔ اب ایک ایسا منفرد منصوبہ سامنے آیا ہے جو ہمیں اسی دور میں واپس لے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ترکیہ کے شہر Çayırova ” چاییروا ” میں ایک عظیم الشان فلم سیٹ تیار کیا جا رہا ہے، جہاں مکہ مکرمہ کے ابتدائی دور کو انتہائی باریکی سے دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے۔ یہ صرف ایک فلم سیٹ نہیں، بلکہ تاریخ اور ایمان کا ایک زندہ عکس محسوس ہوتا ہے۔
ماہرین اور ہدایت کاروں نے مل کر اس جگہ کو اس انداز میں ڈیزائن کیا ہے کہ یہاں چلتے ہوئے انسان خود کو صدیوں پیچھے محسوس کرتا ہے۔ تنگ گلیاں، مٹی کے گھر، سادہ بازار۔۔ ہر چیز اُس دور کی جھلک پیش کرتی ہے جب اسلام کا آغاز ہوا تھا۔
رمضان المبارک کے دوران اس جگہ کی رونق مزید بڑھ گئی، جہاں ہزاروں لوگ صرف دیکھنے نہیں بلکہ محسوس کرنے آئے۔ کئی زائرین کا کہنا تھا کہ یہ جگہ انہیں اپنے دین اور تاریخ سے گہرا تعلق جوڑنے کا موقع دیتی ہے۔
یہ سیٹ وقتی طور پر عوام کے لیے کھولا گیا، مگر جلد ہی اسے مکمل کرکے بڑے اسلامی تاریخی ڈراموں اور فلموں کی شوٹنگ کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ بعد میں اسے دوبارہ عوام کے لیے بھی کھولا جائے گا تاکہ لوگ اس منفرد تجربے سے گزر سکیں۔
یہ منصوبہ ناصرف فلمی دنیا کے لیے اہم ہے بلکہ اسلامی تاریخ کو جدید انداز میں پیش کرنے کی ایک شاندار کوشش بھی ہے۔ سوچیے اگر آپ کو موقع ملے، تو کیا آپ اس جگہ جا کر تاریخ کو اپنی آنکھوں سے دیکھنا چاہیں گے؟












