اسلام آباد (پاک ترک نیوز )چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں سے ملاقات کرکے انہیں پارٹی فیصلوں اور حکمت عملی سے متعلق اعتماد میں لیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات میں ملکی مجموعی صورتحال اور پارٹی کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے اور اتفاق رائے اور تفصیلی مشاورت سے فیصلے کرتی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ علامہ راجہ ناصر عباس اور محمود خان اچکزئی کو پارٹی معاملات سے آگاہ کیا جاتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کی بے پناہ عزت کرتے ہیں، کبھی اپوزیشن رہنماؤں کو فون پر فیصلوں سے آگاہ نہیں کرتے بلکہ خود ان کے پاس جا کر اعتماد میں لیتے ہیں۔











