لاہور(پاک ترک نیوز ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے مسافروں کے امیگریشن پراسیس اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزیر داخلہ نے ایئرپورٹ پر مختلف امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل اور مسافروں کو درپیش مشکلات کے بارے میں دریافت کیا۔
محسن نقوی نے امیگریشن کاؤنٹرز پر موجود مسافروں سے بھی بات چیت کی اور ان سے امیگریشن مکمل ہونے میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا۔
مسافروں نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً تیس منٹ لگ رہے ہیں، جبکہ انہوں نے امیگریشن کے انتظامات مزید بہتر بنانے کی درخواست کی۔
وزیر داخلہ نے مسافروں کی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امیگریشن کا عمل تیز کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
محسن نقوی نے ایئرپورٹ پر امیگریشن کے تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اضافی کاؤنٹرز فعال ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو سہولت ملے گی۔
دورے کے دوران ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی، جس پر وزیر داخلہ نے موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
محسن نقوی نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی شخص کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان ہوا ہے، جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے کسی بھی مسافر کو سفر سے نہیں روکا جائے گا












