لاہور (پاک ترک نیوز )پاکستان کا خواب دیکھنے اور اپنی ملی شاعری سے قوم کو بیدار کرنے والے حکیم الامت، شاعر مشرق علامہ سر محمد اقبال کا 149 واں یوم پیدائش آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے نوجوان نسل میں خودی، امید، خود اعتمادی اور بلند حوصلے کا پیغام دیا۔ ان کے شعری مجموعے بانگ درا، بال جبریل اور ضرب کلیم آج بھی نوجوانوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہیں۔
اقبال ہال، بادشاہی مسجد میں دو روزہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملکی اور غیر ملکی شخصیات نے شرکت کی۔
اس موقع پر علامہ اقبال کے پوتے اور سابق سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ بھارت کے اہل علم بھی علامہ اقبال کی نظم ’’لب پہ آتی ہے دعا‘‘ کو پسند کرتے ہیں۔
ولید اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارے اسکولوں کی اسمبلیوں میں یہ دعا پڑھنے کا سلسلہ ختم کر دیا گیا ہے، اسے دوبارہ شروع کیا جانا چاہیے۔









