لاہور( پاک ترک نیوز) دنیا کے سب سے بڑے فٹبال ایونٹ فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں 1930 سے 2022 تک مجموعی طور پر 22 ٹورنامنٹس ہو چکے ہیں، تاہم اب تک صرف 8 ممالک ہی عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر سکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق تمام ورلڈ کپ ٹائٹلز صرف یورپ اور جنوبی امریکہ کی ٹیموں نے اپنے نام کیے ۔ یورپی ٹیمیں اب تک 12 مرتبہ جبکہ جنوبی امریکی ٹیمیں 10 مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکی ہیں۔
برازیل سب سے کامیاب ٹیم ہے، جس نے ریکارڈ 5 مرتبہ فیفا ورلڈ کپ جیتا۔ برازیل نے اپنا آخری عالمی ٹائٹل 2002 میں حاصل کیا تھا۔
جرمنی اور اٹلی چار، چار مرتبہ عالمی چیمپئن بن چکے ہیں۔ جرمنی نے اپنا چوتھا ورلڈ کپ 2014 میں جیتا، جو جرمنی کے اتحاد کے بعد اس کا پہلا عالمی ٹائٹل تھا، جبکہ اس سے قبل اس کے تین ٹائٹل مغربی جرمنی کے نام سے حاصل کیے گئے تھے۔
دوسری جانب چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹلی مسلسل دو ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی، جو فٹبال کی تاریخ کا ایک بڑا اپ سیٹ تصور کیا جاتا ہے۔
ارجنٹائن تین مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکا ہے اور موجودہ دفاعی چیمپئن بھی ہے۔ ارجنٹائن نے 2022 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں فرانس کو شکست دے کر تیسرا عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ،مصر کی ٹیم پہلی بار پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی
فرانس اور یوراگوئے دو، دو مرتبہ عالمی چیمپئن بنے ہیں۔ فرانس نے 2018 میں ٹائٹل جیتا اور مسلسل دو ورلڈ کپ فائنلز کھیلنے والی چند منتخب ٹیموں میں شامل ہے۔
یوراگوئے نے 1930 میں تاریخ کے پہلے فیفا ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا، جبکہ اس کی دوسری اور آخری کامیابی 1950 میں آئی۔
انگلینڈ اور اسپین اب تک ایک، ایک مرتبہ عالمی چیمپئن بنے ہیں۔ انگلینڈ نے اپنا واحد ورلڈ کپ 1966 میں جیتا، جبکہ اسپین نے 2010 میں پہلی بار عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا۔












