لاہور( پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر سابق کرکٹرز کے نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دوروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہائی پرفارمنس سنٹر کا دورہ کیا، جہاں ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں مختلف شعبوں اور جاری سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔راشد لطیف نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ٹریننگ کی جدید سہولیات کا جائزہ لیا۔عاقب جاوید نے کہا کہ سابق کرکٹرز کو ہائی پرفارمنس سنٹر بلانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اور سب سے پہلے سابق کپتان راشد لطیف یہاں آئے ہیں۔
ان کے مطابق ہر ہفتے ایک سابق کرکٹر کو ہائی پرفارمنس سنٹر مدعو کیا جائے گا، جس کا مقصد سابق کرکٹرز کو اکیڈمی میں ہونے والے کام، طریقہ کار اور ٹریننگ کی سہولیات سے آگاہ کرنا ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ سابق کرکٹرز سے رائے اور مشورے لیے جائیں گے، ان کی تجاویز سے کام کو مزید بہتر بنانے کا موقع ملے گا، جبکہ کھلاڑیوں کی بہتر انداز میں گروپ بندی کے لیے بھی سابق کرکٹرز کی مشاورت حاصل کی جائے گی۔دوسری جانب راشد لطیف نے کہا کہ عاقب جاوید اور وہ طویل عرصے تک ایک ساتھ کرکٹ کھیلتے رہے ہیں اور عاقب جاوید کی دعوت پر ہائی پرفارمنس سنٹر میں کام دیکھنے آئے ہیں۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی ان کے سامنے بنی اور وہ یہاں ٹریننگ بھی کرتے رہے ہیں۔ ایل سی سی اے گراؤنڈ سے ان کی اچھی یادیں وابستہ ہیں اور اب گراؤنڈ کو مزید بہتر کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل سی سی اے گراؤنڈ میں اسکوائر کی پچز میں اضافہ کیا گیا ہے جبکہ سنٹر پچ پر بھی کھیلنے کی سہولت موجود ہے، جس سے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔سابق کپتان نے بائیو مکینک لیب کو ہائی پرفارمنس سنٹر کی اہم سہولت قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیب ابھی مکمل ہونی ہے لیکن اس سے بہت فائدہ ہوگا۔ کوچز اور کھلاڑیوں کے لیے بائیو مکینک لیب کا ہونا انتہائی ضروری ہے اور اس کے بغیر جدید کرکٹ میں آگے بڑھنا مشکل ہے۔
راشد لطیف کے مطابق بائیو مکینک لیب سے پاکستان کرکٹ میں بہتری آئے گی، جبکہ جدید بولنگ مشین کو دیکھ کر بھی خوشی ہوئی، اس سے بلے بازوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔راشد لطیف نے زور دیا کہ کلب کرکٹ کو بھی بحال کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسکول کرکٹ شروع ہوچکی ہے، تاہم کلب کرکٹ کا ہونا انتہائی ضروری ہے اور اسے جلد بحال کیا جانا چاہیے۔
سابق کپتان نے کہا کہ کلب کرکٹ پاکستان کرکٹ کو اوپر لے جانے کے لیے ایک بہت بڑا ہتھیار ہے۔









