لاہور( پاک ترک نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی صدارت میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اہم اجلاس ہوا، جس میں سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر، تمام فرنچائزز کے مالکان، نمائندوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلے کیے گئے کہ پی ایس ایل 12 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ 23 اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان ہوگی، جس کے تحت ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی ڈائریکٹ سائن کر سکے گی۔ کھلاڑیوں کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ ڈائریکٹ سائن کیے جانے والے کھلاڑی نے گزشتہ دو پی ایس ایل سیزنز نہ کھیلے ہوں۔
پی ایس ایل 12 کے لیے پلیئرز کا آکشن 23 جنوری کو ہوگا، اگلے ہفتے پی ایس ایل کرکٹ ورکشاپ کا انعقاد کیا جائے گا۔ ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک ملک کے 5 سے 6 شہروں میں کھیلا جائے گا، اور اس سے قبل نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ گولڈ اور سلور کا انعقاد کیا جائے گا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے، گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ شائقین کے سامنے ہوا اور اسی تسلسل و جوش کو آگے لے کر چلیں گے، جبکہ اس بار ایونٹ کو مزید شہروں تک بڑھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بیگم نصرت بھٹو بہادر،ہمدرد سیاسی رہنما ،آمریت کے خلاف مزاحمت کی علامت تھیں،صدر زرداری
سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ آج سے تمام فرنچائزز کے لیے پی ایس ایل 12 کا بہترین اسکواڈ تیار کرنے کی ریس شروع ہو چکی ہے۔












